Nov 09, 2017 06:30 pm
views : 669
Location : Ministry of Foreign Affairs Office
Islamabad- Weekly Foreign Office Briefing
اسلام آباد،افغانستان میں پاکستانی سفارتکار نئیراقبال رانا کی شہادت پر
افسوس ہے ،افغان حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بہت سے غیرملکی
عناصر متحرک ہیں جو پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
داکٹر فیصل نےمفکر پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہفتہ وار بریفنگ کا آغاز علامہ اقبال کا شعر پڑھکر کیا۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل نے کہاکہ
افغانستان میں پاکستانی سفارتکار نئیراقبال رانا کی شہادت پر افسوس ہے ہم
اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور افغان حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے
قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور پاکستانی سفارتی عملے کا تحفظ اور
سیکیورٹی یقینی بنائے۔
افغانستان میں بہت سے غیر ملکی عناصر متحرک ہیں جو پاکستان کے لئے خطرناک
ہیں یہی عناصر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چند دنوں میں مزید 7 کشمیریوں
کو شہید کردیا گیا اور بھارتی کالے قانون کے تحت حریت قیادت پابند سلاسل
ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں
کو ان کا حق خودارادیت ان کی امنگوں کے مطابق دیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ 2 کشمیریوں پرویز اور پروین آہن کو رافٹو
ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ان دونوں نے انسانی حقوق کے حوالے
سے طویل جدوجہد کی اور پہلی مرتبہ کشمیریوں کو یہ ایوارڈ دیا گیا, برطانیہ
میں پاکستان مخالف بینرز پر بھی نوٹس لیا گیا اور پاکستان نے برطانوی حکومت
سے احتجاج کیا جس پر برطانوی حکومت نے معاملے کی انکوائری کی ہے۔