لاہور،وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پولیس لائنز ہسپتال قلعہ گوجر سنگھ کے حوالے سے اجلاس
صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے
کہ پولیس لائنز ہسپتال قلعہ گوجر سنگھ کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے کے لئے
فوری اقدامات کئے جائیں ۔
قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائنز میں نو تعمیر ہسپتال کو مکمل طور پر فنکشنل
کرنے کے بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیس
کے جوان شہریوں کی حفاظت اور قانون کی بالادستی میں اپنی جانیں ہتھیلی پر
رکھ کر فرائص سرانجام دیتے ہیں اور حکومت ان جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے
لئے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرے گی - وزیر صحت کا کہنا تھا کہ
پولیس لائنز ہسپتال میں ڈائلسسز یونٹ بھی قائم کیا جائے گا تاکہ دیگر
ہسپتالوں کے رش سے بچ کر ضرورت پڑنے پر پولیس کے کسی جوان کو ڈائلسسز کی
سہولت فراہم کی جاسکے -
وزیر صحت نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں میڈیکل عملہ اور درجہ
چہارم کی خالی آسامیوں پر تعیناتی ، ہسپتال کے لئے خریدے گئے طبی آلات ،
الٹرا ساؤنڈ کی فراہمی اور دیگر امور کو ہر قیمت پر ایک ماہ کے اندر نمٹایا
جائے ، خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ 24 گھنٹے میں تمام امور کے بارے
ورکنگ پیپر تیار کر کے انہیں ٹائم لائن بنا کر پیش کی جائے ۔
خواجہ عمران نذیر نےمزید کہا کہ باقاعدہ افتتاح سے قبل پولیس لائنز ہسپتال
کو تمام جدید سہولیات سے ایک ماہ کے اندر لیس کر دیا جائے گا اور جس قدر
فنڈز کی ضرورت ہوئی ہسپتال کو مہیا کئے جائیں گے۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی محمد علی عامر ،
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ید اللہ ، محکمہ صحت کے افسران ،
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ثفلین اور پولیس
افسران نے شرکت کی۔