لاہور، اسموگ کے باعث شہری شدید پریشان
پنجاب کے کئی شہروں میں اسموگ اور دھند کا راج برقرار ہے، اسلام آباد،
لاہور اور ملتان میں پروازوں کا شیڈول متاثرہو ا ہے جبکہ مختلف ٹریفک
حادثات میں 3 افراد جاں بحق 22 زخمی ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کی رات سے بارش ہونے کی پیش گوئی کر رکھی ہے جس سے
اسموگ ختم ہوجائے گی،لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں کئی روز سے جاری
آلودہ دھند سے شہری پریشان ہیں، لیکن محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف
علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کرر کھی ہے، جس سے آلودہ دھند بڑی حد تک کم
ہوجائے گی۔
دھند کے باعث موٹر وے مختلف مقامات پر بند کردی گئی ہے، لاہور تا کوٹ مومن
جبکہ پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہے۔
ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہ گئی ہے جس کی
وجہ سے موٹر وے کو بند کرنا پڑا ہے،جن مقامات پر موٹر وے بند ہے ان میں
لاہور تا کوٹ مومن جبکہ پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد شامل ہیں، فیصل آباد تا
گوجرہ اور ملتان خانیوال سیکشن بھی بند ہیں۔
ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ
ڈرائیورز سے کہا ہے کہ وہ رات کو سفر کے دوران فوگ لائٹس استعمال کریں۔