بدین ،خستہ حال سرکاری اسکول سندھ حکومت کی ناہلی کا منہ بولتا ثبوت
بدین شہر میں موجود اسکول کے بچے گزشتہ آٹھ ماہ سے تعلیم سے محروم ہیں،
اسکول کی خستہ حالی کے باعث استانی نے اسکول آنا ہی چھوڑ دیا ہے لیکن اسکول
تعلیم کی لگن نے طالبِ علموں کو اسکول سے دور ہونے نہیں دیا،بچے کہتے ہیں
کہ استانی نہیں ہے تووہ خود پڑھنے کے شوق میں اسکول آتے ہیں۔
ضلع بدین میں بہت سے اسکول ایسے ہیں جو خستہ حالی یا پھر اساتذہ کی عدم
دستیابی کے باعث بند ہوچکے ہیں انہیں میں سے ایک پرائمری اسکول جوضلع بدین
کے وارڈ نمبر 7 کے گاؤں چاکر خان جتوئی میں واقع ہے جس کی خستہ حالی کے
باعث اسکول میں مقرر استانی اسکول آنے سے قاصر ہے،گاؤں والوں کا کہناہے کہ
استانی نے گزشتہ آٹھ ماہ سے اسکول میں قدم تک نہیں رکھا جس کے باعث بچوں کا
مستقبل داؤپہ لگا ہوا ہے۔
اسکول کی خستہ حالی نے استانی کو تو اسکول سے دور کردیا لیکن یہ خستہ حالی
طلبا و طالبات کو پڑھائی سے دور نہ کرسکی، اس حالت میں بھی بچے روز اسکول
آتے ہیں اور جو سبق ان کو یاد ہے وہ پڑھ کرواپس چلے جاتے ہیں جبکہ گاؤں کی
ایک باہمت طالبہ ان کو سبق یاد کروانے میں مدد کرتی ہے۔اسکولوں کی خستہ
حالت انتظامیہ کی غفلت و نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بچے مستقبل کے معمار
ہوتے ہیں لیکن ان گاؤں والوں کے مطابق وہ مستقبل انہیں دو ر دور تک دکھائی
نہیں دے رہا۔