دبئی، پاک فضائیہ کا کے جے ایف17 تھنڈر کا دبئی ائیر شو میں شاندار فضائی مظاہرہ
شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد کی موجودگی میں 16ویں دوبئی ائیر شو کی
افتتاحی تقریب کا انعقادہوا جس میں پاک فضائیہ کے جے ایف ۔17 تھنڈر نے اپنی
فضائی کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
پاک فضائیہ کے پائلٹ نے اپنی کارکردگی سے تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا۔
مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو پر جوش شائقین نے تالیاں بجا کر داد
دی۔ فضائی مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایک جے ایف۔17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس
زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا رہا جس میں خریداروں اور شائیقین نے
گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دلکش اور مہلک لڑاکا طیارے جے ایف 17تھنڈر کے علاوہ جدید ترین تربیتی طیارہ
سُپر مشاق بھی پانچ روز جاری رہنے والے اس ائیر شو میں نمائش کے لیے پیش
کیا گیا ہے۔ ائیر مارشل احمر شہزاد،چیئرمین پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس
کامرہ نے بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں جے ایف۔17تھنڈر کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔
پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کی کاوش جے ایف۔17تھنڈر ایک کم قیمت، بہت
طاقتور، ہمہ جہت، کم وزن اور جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ
ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں، بمبوں، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر اور
اینٹی شپ میزائل سے لیس جنگی جہاز ہے۔ جہاز کے اندرڈیجیٹل فلائی بائی وائیر
فلا ئٹ کنٹرول سسٹم لگا ہوا ہے جو اسے ہر قسم کے مشن میں فوقیت دلاتا
ہے۔اس طیارے کی چھوٹے رن وے سے ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت اسے ہر قسم کے
فضائی آپریشن میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ جو کہ حال اور مستقبل کی فضائی طاقت
کے چیلنجز کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستانی ساختہ سپر مشاق طیارہ جدید آلات اور سہولیات سے لیس ہے جس کی وجہ
سے ابتدائی فضائی تربیت کے لئے بہترین خیال کیا جاتا ہے۔سپر مشاق طیارہ
جدیدابتدائی فضائی تربیت کی تمام ضروریات کو پورا کرتاہے۔
پاکستان ائیر وناٹیکل کمپلیکس نے بھی اپنی عالمی معیا ر کے عین مطابق تیار
کردہ مصنوعات کی نمائش کے سلسلے میں دبئی ائیر شو میں ایک سٹال لگایا۔