لاہور،وزیر اعلیٰ پنجاب کی اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اراکین قومی اسمبلی سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا کہ سیاست کھیل تماشا نہیں
بلکہ عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے، سیاست کو تماشا بنانے والے شعبدہ
بازوں کو عوام نے ہرمحاذ پر شکست دی ہے ،ان سیاسی عناصر کے عزائم نہ پہلے
کامیاب ہوئے اور نہ آئندہ ہوں گے،انتشار ،جھوٹ اورالزام تراشی کرنے والوں
کو عوام کی فلاح سے کوئی سروکارنہیں، عوامی خدمت سے عاری ان سیاستدانوں نے
صرف عوام کا وقت ضائع کیا ہے اور پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی
کرنیوالے ان عناصر کو اپنے منفی طرز عمل کا حساب دینا ہوگا ۔
شہباز شریف نے کہا 2018ء کے عام انتخابات میں ان شعبدہ بازوں کوایک
بارپھرحزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا، با شعور عوام ترقی کے مخالفین کی منفی
سیاست کو مسترد کر دیں گے،قبل از وقت انتخابات کی بات کرنے والوں کو
پاکستان کی تیزرفتار ترقی پر تکلیف ہو رہی ہے اور اپنے صوبے میں عوام کو
مایوس کرنے والے کس منہ سے تبدیلی کے دعوے کر رہے ہیں، ان سیاستدانوں کو
نیا پاکستان بنانے کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی چوہدری خالد جاوید
وڑائچ، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، غلام بی بی بھروانہ اور سردار عاشق حسین
گوپانگ شامل ہیں۔