اسلام آباد،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے باجوڑ ایجنسی میں فوجی چوکی اور کوئٹہ میں پولیس
اہلکاروں پر حالیہ حملوں کی مذمت کی ہے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے
کیلئے دشمن خفیہ اداروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے انکشاف پر گہری تشویش
ظاہر کی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے شرکاء کو خطہ میں سلامتی کے اعتبار
سے رونماء ہونی والی اہم تبدیلیوں ، بطور خاص مشرق وسطیٰ کے حوالے سے
صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی،اس موضوع پر تفصیلی غور کے بعد اس امر پر
اتفاق پایا گیا کہ پاکستان کیلئے یہ بات نہایت اہم ہے کہ اپنے دوطرفہ ذمہ
داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اس صورتحال میں مسلم امہ کے وسیع تر مفاد
کیلئے سرگرم کردار ادا کرے ۔
اجلاس نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور مسلح
افواج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیہم کوششوں کی بدولت حالات میں
بہتری کو سراہا،اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبہ کی ترقی کیلئے اضافی
وسائل فراہم کئے جائیں گے، بلوچستان میں دوسرے ملکوں کے ساتھ لگنے والی
سرحد پر موئثر بارڈر مینجمنٹ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں اجلاس کو
بتایا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، وزیر خارجہ خواجہ آصف، چیئرمین
جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید
جاجوہ ، بحریہ و فضائیہ کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔