Nov 16, 2017 08:12 pm
views : 471
Location : Prime Minister House
Islamabad- PM Shahid Khaqan Abbasi Meets Tribal Areas Delegation
اسلام آباد ، وزیرِ اعظم سے قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگزکے جرگے کی ملاقات
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے قبائلی علاقہ جات سے تعلق
رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگزکے جرگے نے ملاقات کی۔
جرگے میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف ا سٹوڈنٹس، قومی وطن پارٹی یوتھ
ونگ، اسلامی جمعیت طلبہ،فاٹااسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پختون اسٹوڈنٹس
آرگنائزیشن، خیبرا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ودیگر یوتھ جماعتوں اور تنظیموں کے
عہدہ دار شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ
اور معروف صحافی سلیم صافی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں فاٹا کے
انضمام سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والی سیاسی
جماعتوں کے یوتھ ونگزکے جرگے نے کہا تمام سیاسی وابستگیوں سے قطع
نظرقبائلی عوام اور یوتھ کا متفقہ مطالبہ ہے کہ قبائلی علاقہ جات کے صوبہ
خبیر پختونخواہ میں انضمام کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کی
خواہشات کو عملی جامہ پہنانے اور علاقے کی تعمیر و ترقی اور اسے قومی دھارے
میں شامل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا فاٹا کے انضمام اور علاقے کی تعمیر و
ترقی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتوں میں
مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں قائم کی جانے والی اعلیٰ سطحی
عمل درآمد کمیٹی کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انضمام سے
متعلقہ ضروری تمام آئینی،انتظامی اور قانونی امورکو آئین اور قانون کے
دائرہ کار میں جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ کم سے کم مدت میں فاٹا ریفارمز
کمیٹی کی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
جرگے کی جانب سے فاٹا کی یوتھ کے نمائندگان کووزیرِ اعظم ہاوس مدعو کرنے
اور ایک اہم قومی مسئلے پر انکو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے
پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا گیا۔وزیر اعظم سے فاٹا
یوتھ جرگے کی ملاقات کا اہتمام معروف صحافی سلیم صافی کی جانب سے کیا گیا۔
وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ فاٹا کے عوام کا پورا
حق ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح انکو بھی ملکی آئین کے مطابق تمام حقوق
میسر آئیں ۔
جرگے کے ارکان نے وزیر اعظم سے بات چیت کے دوران کہا کہ محض چند نمائندگان
کے مختلف نقطہ نظر کی بنیاد پر انضمام کے معاملے کو التوا کا شکار نہ ہونے
دیا جائے اور اکثریت کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اس مسئلے کو جلد از جلد
پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔