لاہور،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق سے ملاقات
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق سے
ملاقات کی،ملاقات میں صوبہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں
کرپشن، لوٹ مار اور اقربا پروری قصہ پارینہ بن چکی ہے،پنجاب حکومت نے
ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو پروان چڑھایا ہے اور حکومت کے منصوبے شفافیت
اور معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے
بھی پنجاب حکومت کی میرٹ اور شفافیت پالیسی کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
ترقیاتی منصوبوں میں سوفیصد شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ
سسٹم بنایا گیا ہے اور شفافیت سے منصوبوں میں بچائے گئے اربوں روپے فلاح
عامہ کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں، توانائی کے منصوبے بروقت اورمقررہ
معیاد سے قبل مکمل کرکے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں۔