Nov 17, 2017 03:51 pm
views : 620
Location : Thatta,sujawal
Karachi- Governor Sindh visits Sujawal and Thatta
کراچی،گورنر سندھ محمد زبیر کا ٹھٹھہ اور سجاول کے مختلف علاقوں کا دورہ
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع
کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے وفاق کے تحت شروع کئے جانے والے ترقیاتی
منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری
کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہی مکمل کئے جائیں
،گورنر سندھ نے ضلع ٹھٹھہ کے گاؤں گل شیر بروہی کو گیس کی فراہمی کے
منصوبہ کا افتتاح بھی کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےگورنر سندھ نے کہا کہ دونوں اضلاع کے 100 دیہاتوں
کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے ،منصوبہ کے ابتدائی
مرحلہ میں گیس کی پائپ لائنیں بچھادی گئی ہیں جبکہ گھروں تک گیس کی فراہمی
کا کام اگلے چھ ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔
دورہ میں گورنر سندھ کو متعلقہ حکام نے ضلع ٹھٹھہ میں تعمیر ہونے والے
500 بستروں پر مشتمل اسپتال کے لئے جگہ کی نشاندہی ، پینے کے صاف پانی ،
بجلی وگیس کی فراہمی کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر محمد زبیر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی
اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی
کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو
سکے ، انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے وفاقی
حکومت بنیادی ضروریات صحت ، تعلیم ، انفرااسٹرکچر ،بجلی و سوئی گیس کی
فراہمی اور پینے کے صاف پانی کے لئے منصوبے تشکیل دے رہی ہے جس میں پسماندہ
علاقوں کو خصوصی ترجیح حاصل ہے ۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ٹھٹھہ ایک قدیم تاریخی اہمیت کا حامل ضلع ہے جہاں
عوام کو بنیادی سہولیات کے حصول کے لئے طویل مسافت طے کرنا پڑتی ہے وزیر
اعظم پاکستان نے ٹھٹھہ کے غریب عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ اور ان کی دہلیز پر
صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے 500 بستروں کا جدید اسپتال تعمیر کرنے کا
اعلان کیا جس پر تیزی سے کام جاری ہے ، اسپتال کی تکمیل سے ٹھٹھہ کے مکینوں
کوان کے اپنے علاقہ میں صحت کی جدید سہولیات حاصل ہو سکیں گی ۔
محمد زبیرنے کہا کہ وفاق کے تحت ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے
،ضلع ٹھٹھہ کے لئے اعلان کردہ دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد کام کا آغاز
ہوگا،ٹھٹہ کے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ اور سوئی گیس کی فراہمی وفاقی حکومت کے
وعدوں کی تکمیل ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایاز شاہ شیرازی ، رکن
صوبائی اسمبلی اعجاز شاہ شیرازی ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ
محمد شاہ ،شفقت شاہ شیرازی ، اقلیتی ونگ کے جنرل سیکریٹری کھیل داس کو
ہستانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔