پشاور،صوبائی وزیر عنایت اللہ کا کھلی کچہری سے خطاب
سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقادکیاگیا جس میں شہریوں نے شکایتوں کے انبار لگا دیے۔
حیات آباد مسجد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر عنایت اللہ
نے شہر سے گندگی نہ اٹھانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کمیونٹی
ڈمپنگ ایریا میں صفائی کرنے والوں کو اپنے علاقے میں نہیں چھوڑ رہی، جس کی
وجہ سے شہر میں گندگی زیادہ دن تک پڑی رہتی ہے۔
کھلی کچہری کے موقع پرحیات آباد کے مکینوں نے گندہ آلودہ پانی اور پولیس سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی سے لوگوں میں مختلف بیماریوں کا خدشہ
ہےجبکہ پولیس نے حیات آباد میں چودہ کنال کےمقبرے پر قبضہ کیا ہوا ہے، جس
کی وجہ سے ان کو میت دفناتے وقت بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،حیات
آباد کے مکینوں نے سیوریج سسٹم کے بارے میں بھی شکایا ت کے انبار لگا دیئے ۔
اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےعلاقہ مکین
الیاس خان نے کہا کہ حیات آباد کا بڑا مسئلہ پانی کا ہے جبکہ یہاں گھر
بنانے کا مقصد ایک پر سکون زندگی گزارنا تھا لیکن پانی اور گندگی کے مسائل کی
وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صوبائی وزیر عنایت اللہ نے کہاکہ کھلی کچہری میں لوگوں سے ملکر انکے مسائل
موقع پر حل کر رہے ہیں جبکہ جو مسائل موقع پر حل نہیں ہو رہے انکے لئے
اقدامات کر رہے ہیں۔