لاہور،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نیدرلینڈ کی سفیر آر ڈی سٹوئس بریکن سےملاقات
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے نیدرلینڈ کی سفیر آر ڈی سٹوئس بریکن نے
ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف
شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیدر لینڈ کو زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری
فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں خاص مہارت حاصل ہے، پنجاب ایک زرعی
صوبہ ہے اور زرعی معیشت کا فروغ ہماری ترجیح ہے، دونوں ملکوں کے مابین زرعی
شعبہ میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہزاروں میگاواٹ کے توانائی
کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے
لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کو بڑی حدتک
ختم کیا گیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں
دی ہیں۔