شیخوپورہ ،پولیس کی غنڈہ گردی،معمر خاتون کے گھر پر دھاوا بول دیا
شیخوپورہ تھانہ صدر پولیس ا ور چوکی باغ پولیس نے اختیارات کا ناجائز
استعمال کرتے ہوئے اپنی روایتی غنڈہ گردی کو برقرار رکھتے ہوئے جھبراں منڈی
کے نواحی گاؤں ڈیرہ نیپالاں میں سیاسی مخالفت کی بناء پر ایک بار اثر
سیاسی شخصیت کی ایما پر گھر میں گھس کر آتشیں اسلحہ کے زور پر چادر اور چار
دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے معمر خاتون محبوب بی بی اور دیگر اہل
خانہ کو یرغمال بنا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایاہے۔
پولیس معمر خاتون کے گھر کے دروازے توڑ کر کمروں میں داخل ہوئی اور الماری
توڑ کر اس میں پڑے طلائی زیورات ، قیمتی موبائل فونز اور دو لاکھ روپے نقدی
اپنے قبضہ میں کرلی او گھر میں موجود اے سی اور فرنیچر ودیگر چیزوں کی توڑ
پھوڑ کر کے کچرے کا ڈھیر بنادیا، معمر خاتون دہائی دیتی رہی مگر پولیس
ملازمین نے اس عمر رسیدہ خاتون کی ایک بھی نہ سنی بلکہ اسے الٹا شدید تشدد
کا نشانہ بنایا جس کی بناء پر وہ بے ہوش ہوگئی اور پولیس ملازمین ہوائی
فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کی اس غنڈہ گردی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف اہل علاقہ
اور خواتین کی کثیر تعداد سراپا احتجاج بن گئی، احتجاجی مظاہرے میں خاتون
نے پولیس کی اس بہیمانہ غنڈہ گردی کے خلاف باغ چوک پولیس کی اس غنڈہ گردی
کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
ایک خاتون نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے معمر خاتون پر اس قدر تشدد کیا کہ وہ بے ہوش ہو گئیں۔
ایک اور خاتون نے کہاکہ پولیس اہلکات گھر میں موجود قیمتی سامان حتیٰ کہ کھانے پینے کا سامان بھی لے گئے۔
ایک اور خاتون نے کہاکہ جس وقت پولیس نے حملہ کیا اس وقت گھر والے شادی میں گئے ہوئے تھے ۔
مظاہرین نے آئی جی پنجاب پولیس اور ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز احمد خان سے
اس واقعہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، ریاض بی بی زوجہ منیر احمد
نے ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز احمد خاں کو اپنے اوپر ہونے والے تشدد اور
قیمتی گھریلو سامان کی بازیابی کیلئے تحریری طور پر درخواست دیدی ہے تاہم
ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہ ہوا ہے۔