اسلام آباد،تحریک انصاف والے مکمل طور پر جھوٹے اور فریبی ثابت ہو رہے ہیں،نوازشریف
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم کے خلاف نیب ریفرنسز کیس کی سماعت ہوئی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے سماعت کے بعدذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے
گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں کے باوجود ہم عدالت میں پیش ہوئے، ہمارے لیے
انصاف کا معیار کچھ اور دوسروں کے لیے کچھ اور ہے،انصاف کے تقاضوں کا مذاق
بند ہونا چاہئیے،
نواز شریف نے کہاکہ کوئی بھی کرپشن سے پاک نہیں ہے، پی ٹی آئی کو تنقید کا
نشانہ بناتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے بھی کرپشن
کیسز سامنے آ رہے ہیں، عمران خان، جہانگیر ترین، علیم خان سب کے کیسز چل
رہے ہیں، پی ٹی آئی کی طرف سے جھوٹ دھونس اور دھرنوں کی سیاست کی گئی،تحریک
انصاف والے مکمل طور پر جھوٹے اور فریبی ثابت ہو رہے ہیں۔
نا اہل قرار دئے گئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان صرف جمہوریت سے ترقی
کرسکتا ہے،اتحادی جماعتوں نے کل اصولوں پر فیصلہ کیا، مسلم لیگ ن اور اسکی
اتحادی جماعتوں نے اصولوں کا ساتھ دیا، کل قومی اسمبلی میں جو ہوا وہ ان
لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے جو جمہوریت مخالف ہیں، انہوں نے کہا
کہ ہم نے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔
نواز شریف نے مزیدکہا کہ انتخابی اصلاحات بل قومی اسمبلی سے منظور ہونے پر
وہ اتحادی جماعتوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں، ان کا کہنا تھا
کہ یہ ان لوگوں کے لیے آنکھیں کھول دینے والی بات ہے جو ملک کو جمہوریت کے
راستے پر نہیں چلنے دیتے۔