اسلام آباد،نواز شریف سے موازنہ اپنی توہین سمجھتا ہوں،عمران خان
پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان انسداد
دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے, عدالت نے چاروں مقدمات میں عمران خان کو شامل
تفتیش کرنے اور پولیس کو بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے عمران خان نے کہا
کہ میں تھانے جانے کیلئے بھی تیار ہوں، نواز شریف پاکستان کی عدلیہ، فوج
اور اداروں پر حملہ کر رہے ہیں، ہم اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اے ٹی
سی میں میرا کیس دینا اداروں کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔
عمران خان نے کہا میرا دھرنا سیاسی تھا چونکہ تمام سیاسی جماعتوں نےدھاندلی
کا الزام لگایا تھا ایسے مقدمات سے ہمارا منہ بند کرنے کی کوشش کی جا رہی
ہے،اس طرح کے اقدامات کا فائدہ دہشتگردوں کو ہوگا، انہوں نے کہا پاکستان کا
پیسہ باہر لے کر جانے والا چور ہے، نواز شریف 300 ارب روپے کی 29
جائیدادوں کا حساب دیں۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف سے موازنہ میری توہین ہے، میرا موازنہ سابق
وزیر اعظم کے ساتھ نہ کیا جائے یہ ایسے ہی ہے جیسے میرا موازنہ سلطانہ ڈاکو
سے کیا جا رہا ہو۔
عمران خان نے سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے ن لیگ کی حکومت سے سوال کیا کہ انہیں کیوں نکالا،انہیں باہر کیوں جانے دیا۔
اس سے پہلے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے
عمران خان کو تفتیش کے لیے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا، کیس کی
اگلی سماعت 7 دسمبر کو ہو گی۔