کوئٹہ، سریاب روڈ پر دھماکہ ،4 افراد جاں بحق
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم دھماکے
میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی
فورسز کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سریاب روڈ سے گزر رہی تھی
تاہم فوری طور پر اس کی نوعیت کا اندازہ نہ ہوسکا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کے رضا کار بھی اس مقام پر پہنچ گئے
اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنا شروع کیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے
اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
دوسری جانب سول ہسپتال کے ترجمان کے مطابق دھماکے کے بعد ہسپتال میں
ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، متاثرہ مقام سے متعدد افراد کو شعبہ ایمرجنسی میں
منتقل کیا گیا۔
ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، ڈی آئی جی کوئٹہ
نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 19زخمی افراد
کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے
ہیں ۔
عبدالرزاق چیمہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جو جنگ لڑرہے ہیں یہ
جاری رہے گی، سکیورٹی فورسسز کو عوام کو تحفظ دینے کی سزا مل رہی ہے تاہم
فورسسز اپنے فرائض جاری رکھیں گے۔