لاہور ،پنجاب اسمبلی کے سامنے تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺکے کارکنوں کا دھرنا جاری
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺکے کارکنوں کا
دھرنا رات سے جاری ہے، دھرنے میں شامل مظاہرین نے رات سڑک پر ہی
گزاری،مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور
جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب بابو صابو، شاہدرہ اور امامیہ کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں
میں جاری دھرنوں کے باعث ٹریفک تاحال بند ہے جبکہ مظاہرین نے ٹھوکر نیاز
بیگ کو ایک بار پھر بند کر دیا۔ ٹھوکر ٹرمینل کے مقام پر مذہبی جماعت کے
کارکنوں نے کنٹینرز لگا دیئے۔
پنجاب میں تعلیمی ادارے دو روز تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ،وزیر تعلیم
رانا مشہود نے کہا ہے کہ فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے رہنما آصف جلالی نے گزشتہ رات
کہا تھا کہ اہلسنت کا توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم
اسلام آباد میں جا ری دھرنے کے شرکا سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور
انکے مطالبات پورے ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔