راولپنڈی،سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا ویڈیو پیغام
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ کہتا تھا کہ
یہ قوم عاشق رسول ہے، میں انہیں اسمبلی میں سمجھاتا تھا کہ نبی ﷺ کی شان
اور ختم نبوت کے لئے لوگ جان دے سکتے ہیں لیکن یہ حکمران میرا مذاق اڑاتے
تھے۔
ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہاکہ نا اہل وزیراعظم کے نا اہل جانشین نے ٹی
وی چینلز بند کر دیئے، سارا سوشل میڈیا بند کر دیا اور 70شہروں میں یہ
دھرنا پھیل چکا ہے، اگر زاہد حامد کو 20روز قبل فارغ کر دیا جاتا اور راجہ
ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر آجاتی تو کوئی قیامت نہ آتی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں آرمی چیف کے بیان کو سراہتا ہوں اور ان سے
اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، میں سب لوگوں سے اپیل
کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کی جان و مال کی حفاظت کریں، میں حکومت کو مشورہ
دیتا ہوں کہ زاہد حامد اور اس کے ساتھ اس کام میں شریک تمام ذمہ داران کا
فوری استعفیٰ لیں اور اس آگ کو مزید پھیلنے سے بچائیں۔