پشاور،مذہبی جماعتوں کا رنگ روڈ پر جمیل چوک میں مظاہرہ دوسرے روز بھی جاری
اسلام آباد دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعدگزشتہ رات سے پشاور کے رنگ روڈ پر
جمیل چوک میں تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے کارکنوں نے احتجاجی دھرنا دے
کررکھا ہے، مظاہرین نے کیمپس بھی لگا دیئے ہیں جس کے باعث رنگ روڈ سے ٹریفک
کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے تاہم جی ٹی روڈ اور موٹروے مکمل طو ر
پر ٹریفک کیلئے کھلے ہیں، تاہم شہر میں جاری بس رپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کی
وجہ سے خیبر روڈ پر ٹریفک کی روانی کچھ حد تک متاثر ہوئی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنزکے مطابق کہ صوبائی دارالحکومت میں صورتحال قابو میں ہے،
شہر کے ہر حصے میں تحریک لبیک پارٹی کے کارکنوں کو پر امن احتجاج کرنے کا
حق ہے، لیکن اگر مظاہرین نے تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ان کے ساتھ قانون
کے مطابق نمٹا جائے گا،جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس
کو پاک فوج کی مدد بھی حاصل ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مذہبی جماعت تحریک لبیک یا رسول اللہ کے
زیر اہتمام دھرنے کے خلاف آپریشن اور اس کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والی
صورتحال کے پیش نظر پشاور کیلئے جامعہ سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے،
پشاور کے حساس مقامات پر تقریباً 2 ہزار 500 پولیس اہلکاروں کو تعینات
کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کو
پاک فوج کی مدد بھی حاصل ہوگی۔