Nov 28, 2017 03:35 pm
views : 591
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Meets H.E Mr.Daniel Ramos Ambassador of Philippine and his team
کراچی گورنر سندھ کی فلپائنی سفیر راموس ڈینیئل کی قیادت میں پاک فلپائن بزنس فورم کے 16 رکنی وفد سے ملاقات
گورنر سندھ محمد زبیر نے فلپائن کے سفیر راموس ڈینیئل کی قیادت میں پاک
فلپائن بزنس فورم کے 16 رکنی وفد سے ملاقات کی ،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،
سرمایہ کاری، تجارت، معاشی معاہدوں، وفود کے تبادلوں، پاک فلپائن بزنس
فورم کے قیام سے دوطرفہ تجارتی معاہدوں میں اضافہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر
امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ
تجارتی معاہدوں ، سرمایہ کاری اور دیگر معاشی اقدامات اٹھا رہا ہے اس ضمن
میں فلپائن سے تجارتی معاہدوں میں مزید اضافہ خوش آئند ہے، دنیا کو پرامن
بنانے کے لئے ہر اول دستہ کا کردار ادا کرنے سے پاکستان کو ناقابل تلافی
نقصان اٹھانا پڑا، کامیاب آپریشن ضرب عضب سے پورے ملک میں مثالی امن قائم
ہو رہا ہے، پاکستان کو کسی ملک سے مالی مدد کی ضرورت نہیں، دنیا کی تجارتی
منڈیوں تک رسائی پاکستان کا حق ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فلپائن دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں اس
ضمن میں فلپائن کے سفیر بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں جس کے مثبت
نتائج بھی سامنے آرہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلپائن میں
پاکستانی ادویات کی مانگ میں اضافہ کے بعد چاول برآمدات کے معاہدہ سے پاک
فلپائن تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، ادویات اور چاول کی برآمدات میں اضافہ
دوطرفہ کاوشوں کی واضح مثال ہے۔
وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی سرمایہ
کاری کے لئے پرکشش حیثیت رکھتا ہے، شہر کی استعداد سے فائد ہ اٹھانے کے لئے
فلپائن کے سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی
رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاک فلپائن دو طرفہ تعلقات کے مزید
استحکام کے لئے پاک فلپائن بزنس فورم اہم اقدامات یقینی بنا رہا ہے،
فلپائنی سفیر کی بھرپور کوششوں کے باعث پاکستانی مصنوعات فلپائن میں متعارف
کرائی جارہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ادویات کے بعد چاول کی برآمدات میں تسلسل
سے اضافہ ہو رہا ہے دیگر اشیاء کی برآمدا ت بھی جلد ممکن ہو سکے گی۔