اسلام آباد ، نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف 3 نیب
ریفرنسز کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی، نیب پراسیکیوٹرز نے عدالت سےمقدمے
کے گواہوں کے بیانات قلمبندکرنے پر اصرار کیا۔عدالت نے نواز شریف کے وکیل
خواجہ حارث کی آج عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور
کر لی۔
احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد
ریٹائرد کیپٹن محمدصفدر کی پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 3
نیب ریفرنسز پر سماعت کی۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام
آباد ہائی کورٹ میں3ریفرنسز کو یکجا کر کے ایک فرد جرم عائد کرنے کی
استدعا کر رکھی ہے، ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے، اگر عدالت سمجھے
کہ ہماری وجہ سے تاخیر ہوئی تو ہم پیر کے روزسے مسلسل 3دن پیش ہو جائیں گے،
فیصلہ اسی ہفتے آنے کا امکان ہے، اس لئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی جائے۔
عدالت نے نواز شریف کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔