Nov 29, 2017 06:36 pm
views : 686
Location : Bahria Auditorium
Karachi- 29th Convocation of Pakistan Navy Engineering College
کراچی ،پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے 29ویں جلسئہ تقسیم اسنادکی تقریب کا انعقاد، ترجمان پاک بحریہ
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سے الحاق شدہ پاکستان نیوی
انجینئرنگ کالج کا 29واں جلسۂ تقسیم اسنا د بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
لیفٹنٹ جنرل (ریٹائرڈ )نوید زمان، ریکٹر اور کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر
مختار بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے کامیاب طلبا میں اسناد تقسیم
کیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانوکیشن کے دوران انجینئرنگ، مینجمنٹ اور
انفارمیشن سسٹمز کے شعبوں میں کل 342 اسناد تقسیم کی گئیں جن میں 6پی ایچ
ڈی، 37ماسٹرز اور 299 بیچلرز کی ڈگریاں شامل تھیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے
مختلف شعبوں میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے 26 طلبا میں میڈلز بھی
تقسیم کیے جن میں 10پریذیڈنٹ گولڈ میڈلز، 3چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ
میڈلز، 7چانسلرز سلور میڈلز اور 6ریکٹر گولڈ میڈلز شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے
اس اہم کامیابی پر طلبا اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ
سیکھنے کا عمل تا حیات جاری رہتا ہے اور ڈگری کا حصول اس سمت کی جانب پہلا
قدم ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ دفاعی سیکٹر اور بالخصوص بحری افواج کا
ٹیکنالوجی پر انحصار میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ عصر حا ضر
کے تقاضو ں پر پورا اترنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے
تاکہ نیول پلیٹ فارمز اور سازو سامان کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر
بنایا جاسکے۔ ایڈمرل ظفر محمود نے طلباء کو بتایا کہ خود انحصاری اور
اندرونِ ملک ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس میں ہمارے
مستقبل کے انجینئرز کو کلید ی کردار ادا کرنا ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی اور کا
کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت ،
اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام اور ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ذریعے عالمی سطح پر
پاکستان کو ایک مثبت اور ترقی پسندملک کے طور پر متعارف کروانے میں
پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے طلبا کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
قبل ازیں اپنے خطبہ ء استقبالیہ میں پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے
کمانڈنٹ رئیر ایڈمرل عمران احمد نے نیول چیف کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی
آمد پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج سے
فارغ التحصیل طلباء دنیا بھر کے اہم اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
کالج کے تقریباََ 90فیصد طلباء گریجویشن کے 6ماہ کے عرصے میں ملازمت کے
حصول میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی این ای سی مستقبل قریب میں چینی یونیورسٹیوں کے ساتھ
مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کرے گا جس کی بدولت طلباء کے لیے ترقی اور
تعلیم کی مزید راہیں استوار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبا ء کی ذہنی اور
تجزیاتی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے لیے انہیں مختلف فورمز مہیا کیے
جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کر سکیں۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ کالج کے 50سے زائد معروف ملکی اور غیر ملکی صنعتی
اداروں کے ساتھ مضبوط روابط ہیں۔ طلبا ان صنعتی اداروں کے دوروں اور انٹرن
شپ پروگرامز کی بدولت عملی تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ سال 2017ء میں پاکستان
نیوی انجینئرنگ کالج ی ٹیم نے دو بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا اور
انعامات حاصل کیے۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر
اعتماد رکھیں اور اپنے پیشہ ورانہ اور ذاتی مقاصد کے حصول میں ایمان، دیانت
داری، عزم و ہمت اور فر ض شناسی کے سنہری اصولوں کی پیروی کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر نے آگاہ کیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے
کے لیے طلبا کو انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں بہترین تعلیم مہیا کرنے کی
بھر پور کوشش کررہی ہے۔ نسبتاََ مختصر سے عرصے میں تعلیمی میدان میں نمایاں
مقام حاصل کرنے پر کیوایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ نے نسٹ کو دنیا کی
500بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں 437ویں پوزیشن پر رکھا ہے۔ سال 2015ء
سے نسٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں مسلسل پہلے نمبر پر ہے۔ بریکس کی
رینکنگ کے مطابق نسٹ ایشیاء کی بہترین یونیورسٹیوں میں 159ویں پوزیشن پر
ہے۔
انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے اپنی
بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور قومی ترقی کے حصول اور پاکستان کے
مثبت تاثر کو مزید اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔