روس،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چینی ہم منصب کےدرمیان سوچی میں ملاقات
پاکستان اور چین نے شنگھائی تعاون تنظیم میں اور دوطرفہ طور پر تمام شعبوں
خصوصاََ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور سٹریٹیجک شعبوں میں قریبی تعاون
جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے روس کے شہر سوچی میں وزیراعظم
شاہد خاقان عباسی اور انکے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات میں
کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چین کو اہم
معاملات سمیت ون چائنا پالیسی پر پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے چین کی چیئر مین شپ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے موثر کردار کو
سراہتے ہوئے تنظیم کے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی اہداف کے حصول میں پاکستان
کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کے ساتھ سٹریٹیجک تعاون کے اشتراک
کے حوالے سے اپنے ملک کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ شنگھائی تعاون
تنظیم میں پاکستان کی شمولیت سے علاقائی امن اور ترقی کو فروغ ملے گا۔
چین کے وزیراعظم نے اقتصادی راہداری کے تحت طویل مدت منصوبے کو مشترکہ
تعاون کی کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں حتمی شکل دینے کی تعریف کی۔
دونوں رہنماوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری
علاقائی اور عالمی امن اور استحکام کی ضامن ہے۔ دونوں رہنماوں نے باہمی
مفاد کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور
دیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی ہم منصب کو پولیٹیکل بیورو میں دوبارہ
انتخاب اور چین کے صدر شی چن پنگ کو کیمونسٹ پارٹی کا جنرل سیکریٹری منتخب
ہونے پر مبارکباد دی۔