اسلام آباد ، احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت میں ایک بجے تک کے لئے وقفہ کردیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف،
ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب کی
جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔
سماعت شروع ہوئی تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست زیرسماعت ہے جس کا
فیصلہ آج 12 یا ساڑھے 12 بجے تک آنا ہے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت میں ایک بجے تک کے لئے وقفہ کردیا
جائے، اس موقع پر فاضل جج کے پراسیکیوٹر نیب سے استفسار کیا کہ کیا نیب کے
گواہ موجود ہیں جس پر بتایا گیا کہ گواہ موجود ہیں۔
فاضل جج نے احتساب عدالت کے عملے کو رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ سے رابطے
کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستوں پر فیصلے کی
نقل احتساب عدالت کو بذریعہ فیکس بھجوائی جائے۔
عدالت نے نواز شریف کے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ایک بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف آج آٹھویں مرتبہ جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر)
محمد صفدر نے 10،10 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔