ڈیرہ اسماعیل خان ،کاشتکاروں کی جانب سے شوگر ملوں کے خلاف ریلی اور احتجاجی مظاہرہ
ڈیرہ اسماعیل خان میں گنے کی خریداری میں تاخیر اور مقررہ نرخوں سے رو
گردانی پر کاشتکاروں کی جانب سے شوگر مالکان کے خلاف ایوان زراعت نامی
تنظیم کے دفتر سے ٹی بی ہسپتال چوک تک ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاءِ نے
احتجاجی مظاہرہ کیاجس میں ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم چاروں شوگر ملوں کی
انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ اور مقامی سیاسی قائدین کی بے حسی کے خلاف شدید
نعرہ بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی شوگر ملیں عرصہ دراز سے گنے کے
کاشتکاروں کا استحصال کر رہی ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ اور سیاسی قیادت ٹھنڈے
کمروں میں بیٹھی ہوئی ہیں اورکاشتکاروں کے مسائل جوں کے توں ہیں، کین
کمشنر کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کی ملوں کو 30نومبر کو کرشنگ شروع کرتے
ہوئے گنے کی فی من قیمت 180روپے مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے
تھے،مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر شوگر ملوں نے کاشتکاروں کا استحصال بند نہ
کیا تو مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری شوگر ملز
انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کی ہوگی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرے میں
شریک شخص نے کہا کہ ملز مالکان نے نہ ہی مذکورہ تاریخ پر کرشنگ شروع کرتے
ہوئے گنے کی خریداری شروع کی اور نا ہی کین کمشنر کی جانب سے مقر ر کردہ
قیمت کو قبول کرنے کا کوئی عندیہ دیا۔