اسلام آباد،نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی
شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کیس میں سابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر)
صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے ،کیپٹن صفدر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ
کی درخواست دائر کی گئی، شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب
عدالت کے جج محمد بشیرنے کی۔
کیپٹن صفدر نے اپنے وکیل کے ذریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس
میں عدالت سے 15 روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی گئی درخواست میں
موقف اختیار کیا گیا کہ ضروری کام کی وجہ سے بیرون ملک جانا ہے، 15 روز کے
لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے،احتساب عدالت میں کیپٹن صفدر کی عدم پیشی
پرفیصل عرفان ایڈووکیٹ پیش ہوں گے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا آزمائشیں ہمیشہ نیک لوگوں پر آتی ہیں، محب وطن
سیاستدانوں کو آگے نہیں آنے دیا جاتا، انہوں نے کہا کچھ قوتیں پاکستان کو
70 سال پیچھے دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں، اب ملک پر وہی راج کرے گا جو میڈ
ان پاکستان ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سماعت پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق
وزیراعظم نوازشریف کی ایک ہفتے کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
کی تھی،عدالت نے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست میں ردوبدل کی
درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کا استثنیٰ 15 دسمبر تک برقرار رکھا تھا۔