اسلام آباد،اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیرِ اہتمام منشیات نذرِ آتش کرنے کی تقریب
اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیرِ اہتمام منشیات نذرِ آتش کرنے کی تقریب اسلام
آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرِ برائے انسدادِ منشیات لیفٹیننٹ
جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی
خطرات کا سامنا کر رہا ہے اور ان حالات میں منشیات کا ناسور ہمارے معاشرے
کو شدت سے متاثر کر رہا ہے،لہٰذا اس ناسور سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا اشد
ضروری ہے، اے این ایف منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے قومی اور بین
الاقوامی سطح پر بر سرِ پیکار ہے، وفاقی وزیر نے قومی ،علاقائی اور عالمی
سطح پر انسدادِ منشیات کے لئے اے این ایف کی کاوشوں اور اس کے کردار کو
سراہا، وفاقی وزیر نے اے این ایف کو منشیات کی لعنت سے مؤثر طور پر نمٹنے
کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ڈی جی اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک نے اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ منشیات کی لعنت انتہائی نقصان دہ اور جان لیوا معاشرتی برائیوں میں
سے ایک ہے جبکہ اے این ایف منشیات سے پاک معاشرے کی منزل کے حصول کے لئے اس
لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لئے کوشاں ہے،اے این ایف مکمل دلجوئی اورپختہ عزم
کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔
ڈی جی اے این ایف نے کہاکہ آج اسلام آباد میں 1.805 میٹرک ٹن منشیات نذرآتش
کی جارہی ہے جبکہ رواں سال مجموعی طور پر 3ارب 95 کروڑ روپے مالیت کی
135.064 میٹرک ٹن منشیات لاہور، پشاور اور کراچی میں منعقد ہونی والی
تقاریب کے دوران نذرآتش کی جا چکی ہے، ڈی جی اے این ایف نے بتایا کہ اے این
ایف ملک کے بڑے شہروں میں انسدادِ منشیات کی غرض سے خصوصی مہمات سر انجام
دے رہا ہے جن میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام پرخصوصی
توجہ دی جارہی ہے۔
اپنے خطاب میں میجر جنرل مسرت نواز ملک نے کہا کہ اے این ایف عوام کو
منشیات کے خلاف آگاہی مہیا کرنے میں بھی مصروف عمل ہے ،اس سلسلہ میں سال
2017ء کے دوران 332 مختلف قسم کی آگاہی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں، منشیات
کے عادی افراد کے علاج کی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اے
این ایف کے زیرانتظام اسلام آباد ،کوئٹہ اور کراچی میں پہلے سے قائم شدہ
145 بستروں پر مشتمل منشیات کے عادی افراد کی علاج و بحالی کے مراکز میں
منشیات سے متاثرہ افراد کو علاج معالجے و قیام و طعام کی مفت سہولیات فراہم
کرنے کے علاوہ ،مزید 178بستروں کااضافہ کیاجارہاہے، جن میں پشاوراورسکھر
میں قائم کئے جانے والے مراکز کے علاوہ کراچی کے پہلے سے موجود مرکز میں 48
بستروں پر مشتمل خواتین اوربچوں کے خصوصی وارڈکاقیام شامل ہے۔
ڈی جی اے این ایف نے تقریب کے شرکاء کو بتایاکہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری
منصوبہ کے تناظر میں اے این ایف بلوچستان کو پہلے ہی مزید باصلاحیت بنایا
گیا ہے اور اس سلسلے میں گوادر کے علاقے میں مزید نفری تعینات کی گئی ہے
جبکہ خفیہ اطلاعات کی رسائی کی صلاحیت، تکنیکی مہارت اور سمندری رسد کی
چھان بین کرنے کی استعدادبڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
سیکرٹری وزارتِ انسدادِ منشیات اقبال محمود اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل
مسرت نواز ملک نے مہمانِ خصوصی اور دیگر شرکاء کا خیر مقدم کیا، تقریب میں
غیرملکی نمائندوں کے علاوہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسدادمنشیات و
جرائم کے ملکی سربراہ برائے پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے
عہدیداران ، اعلیٰ فوجی وسول افسران، بین الااقوامی رفقاء برائے انسدادِ
منشیات، نجی تنظیموں کے نمائندے، سول سوسائٹی، کھیل سے تعلق رکھنے والی
تنظیمیں، شہرت یافتہ شخصیات، میڈیا کے نمائندے اور مختلف تعلیمی اداروں کے
طلباء شریک تھے۔