Dec 06, 2017 02:36 pm
views : 530
Location : Information Ministry Office
Islamabad- Information Minister Maryam Aurangzeb Meets Japan Media Delegation
اسلام آباد،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی جاپان کے میڈیا وفد سے ملاقات
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جاپان کے میڈیا وفد سے
ملاقات کی، وزیر مملکت نے پاکستان کے ثقافتی تنوع کے ذریعے ملک کا تشخص
اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب
نےجاپانی میڈیا وفد سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مضبوط ثقافتی ورثہ
کا حامل ہے اور موجودہ جمہوری حکومت اسے اجاگر کرنے اور دنیا سے روشناس
کرانے اور اس کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی، موجودہ حکومت فلم
اور ثقافتی ورثہ کی بحالی کیلئے کوشاں ہے، فلموں کے ذریعے کسی بھی قوم کی
اقدار و روایات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکتا ہے، پاکستانی قوم
ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں کے ذریعے
پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں آج جمہوریت ہے جس میں میڈیا کو بے
مثال آزادی حاصل ہے اور سول سوسائٹی فعال اور متحرک ہے، حکومت اظہار رائے
کی آزادی کے بنیادی حق پر یقینی رکھتی ہے اور پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار
میڈیا کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ فلم فنانس فنڈ، ڈائریکٹوریٹ آف فلمز اینڈ فلم اکیڈمی
کے قیام اور ٹیکسوں میں مختلف رعایتوں کے ذریعے ملک میں فلموں کی تیاری اور
ان کی نمائش کے حوالہ سے پالیسی کی تیاری کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی
ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مزیدکہا کہ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ بھی قائم کیا جا رہا
ہے جس کے ذریعے ملک کے چاروں صوبوں کے مستحق آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کی
جائے گی، انہوں نے وفد کو بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر
حکومت تکنیکی جدت، ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کے ذریعے پاکستان ٹیلی
ویژن کو جدید ادارہ بناتے ہوئے اس کا شاندار ماضی بحال کرنے کیلئے اقدامات
کر رہی ہے۔