کراچی ، جماعت اسلامی کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دار الحکومت قرار دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جماعت اسلامی کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار
دینے کے امریکی اقدام کے خلاف بنارس چوک پراحتجاج کیا گیا،احتجاج میں جماعت
اسلامی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں مظاہرے میں شرکت کی،مظاہرین نے ہاتھوں
میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل مخالف
نعرے درج تھے ،اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔
بنارس چوک پر ہونے والے مظاہرے سے جماعت اسلامی کے امیر انجینئر حافظ نعیم
الرحمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے عالمی امن کو خطرے میں
ڈال دیا ہے۔ اسلامی ممالک امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کریں۔
جماعت اسلامی نے کراچی میں ملین مارچ اور امریکی قونصلیٹ کے گھیراؤکے لئے کارکنان کو تیاری کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگوکرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ
نعیم الرحمان نے کہا امریکہ کے خلاف جلد ہی ملین مارچ کا اعلان کیا جائے
گا،انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کئے جانے کا
اعلان گریٹر اسرائیل کی جانب اقدام ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ یہ کسی ایک فرد کا نہیں امریکی ریاست کا
اعلان ہے انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی افواج متحد ہو کر اپنے لائحہ عمل
کا اعلان کریں مظاہرین سے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت نے بھی خطاب کیا ۔