اسلام آباد،فاٹا کو قانونی، معاشی، انتظامی اور سیکورٹی طور پر مین اسٹریم
میں لانے کے بعد خیبرپختون خوا میں ضم کیا جائیگا،سرتا ج عزیز
فاٹا اصلاحات کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ
فاٹا اصلاحات پر کام نہیں ہورہا بلکہ اس حوالے سے ہر مہینے بریفنگ دی
جائیگی، ایک ہزار ارب روپے کا فاٹا ترقیاتی فنڈ بنایا جائیگا، فاٹا کو
معاشی طور پر مین سٹریم میں لانے کیلئے بھی کافی منصوبے زیر غور ہیں جب کہ
انتظامی طور پر مرکزی دھارے میں لانے کیلئے کے پی حکومت سے رابطے میں ہیں۔
وزیر سرحدی امور عبدالقادر بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج
عزیز نے کہا کہ فاٹا کو مرکزی دھارے میں لانے پر کام جاری ہے اور ایف سی آر
کو ختم کررہے ہیں، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے دائرہ کار کو فاٹا تک وسیع
کر رہے ہیں، یہ کام اب تک ہوچکا ہوتا لیکن کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے بل
منظور نہ ہوسکا۔
سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ فاٹا میں ایف سی کے ذریعے لیویز فورس کی بھرتی
کی جارہی ہے، علاقے کو قانونی، معاشی، انتظامی اور سیکورٹی طور پر مین
اسٹریم میں لانے کے بعد خیبرپختون خوا میں ضم کیا جائیگا، الیکشن تک فاٹا
کا انضمام نہ بھی ہوا تو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب ہوگا، فاٹا میں
صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔