لاہور، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے وزیر وانگ یاجن کے وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے وزیروانگ یاجن کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد
نے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی، چینی وفد میں کمیو نسٹ پارٹی آف
چائنہ انٹر نیشنل ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداران اور چینی قونصل جنرل لانگ
ڈنگ بھی شامل تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، رانا مشہود احمد، ڈاکٹر عائشہ
غوث پاشا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، چیئر
مین منصوبہ بندی و ترقیات، لارڈ میئر لاہور اور متعلقہ حکام بھی موجود
تھے۔
اس موقع پرکمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ شہباز
شریف کی انتھک محنت اور کرشماتی لیڈر شپ کی تعریف کرتا ہوں،ان کا کہناتھا
کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قابل فخر قیادت میں پنجاب میں نمایاں ترقی
ہوئی ہے،انہوں نے وزیرِ اعلی پنجاب کے حوالے سے کہا کہ پنجاب سپیڈ شہباز
شریف کا دوسرا نام ہے،وانگ یاجن نے کہا کہ ہم چین اور پاکستان کے تعلقات کو
بہت اہمیت دیتے ہیں،سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں
کو چھو رہے ہیں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر کی جانب سے لاہور اورنج لائن میٹر و ٹرین
کے منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے
ہوئے کہا کہ چینی کمپنیاں اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کریں گی،ہم پاکستان کی
تعمیر و ترقی میں پورا ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے باعث پاکستان ترقی و خوشحالی کی
راہ پر گامزن ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے انتہائی کم عرصہ میں
توانائی کے منصوبے مکمل کر کے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے،پاکستان میں جتنے منصوبے
موجودہ حکومت نے مکمل کئے ہیں، 70سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
وزیر اعلی نے بتایا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر
شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ کا پاکستان کے لئے ایک تحفہ ہے،ہماری
کوشش ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے عام آدمی کو باعزت عالمی معیار کی
سفری سہولتیں مہیا کریں،آخر میں شہباز شریف نے کہا کہ میں اس پر تمام چینی
رہنماؤں اور حکام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔