اسلام آباد،آصف زرداری کے پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین ہوتے ہوئے ہم ان سے کوئی اتحاد نہیں کرسکتے،عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں جس طرح
گولیاں چلائی گئیں وہ کسی طور قانون کے مطابق نہیں,ماڈل ٹاؤن میں جوا ہوا
اس کی جمہوریت میں کوئی مثال نہیں ملتی، احتجاج کرنے والے نہتے لوگ تھے،
پولیس کے ذریعے 14 افراد کو قتل کرایا گیا، جو بھی حکومت آتی ہے وہ ریاست
کے وسائل کو طاقت کے لیے استعمال کرتی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن تمام پاکستانیوں
کا مقدمہ ہے اور اس پر تمام جماعتیں متفق ہیں۔
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ
عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ (ن) لیگ
والوں نے یہ بتانے کی کوشش کی کہ وہ چور ہیں تو باقی بھی چور ہیں، مجھ پر
الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں کیسز سمیت دہشت گردی کے کیسز کیے گئے،
کوشش کی گئی کہ کسی طرح ڈرا دھمکا کے میرا منہ بند کرایا جائے اور میں
پیچھے ہٹ جاؤں۔
عمران خان نے کہا یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ میرا اور پاناما کیس ایک
جیسا ہے، پاناما کیس میں نوازشریف نے 30 ہزار کروڑ روپیہ باہر بھیجا، میرے
کیس میں 60 لاکھ کے فلیٹ کی بات ہے جس میں 60 دستاویزات پیش کیں لیکن
نوازشریف نے پورے کیس میں صرف ایک قطری خط دیا،عمران خان نے مزید کہا کہ
کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، آصف زرداری کے پیپلزپارٹی کے شریک
چیرمین ہوتے ہوئے ہم ان سے کوئی اتحاد نہیں کرسکتے،ان کا کہنا تھاکہ اگر
اقتدار کی جنگ ہوتی تو پیپلزپارٹی اور نوازشریف کے ساتھ مل جاتا لیکن یہ
کرپشن کے خلاف جنگ ہے تو زرداری کی پارٹی سے کیسے اتحاد کرلوں۔