لاہور،وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت سیف سٹی پرجیکٹ کے حوالے سے اجلاس
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قربان لائن میں پنجاب سیف
سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں
امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیف سٹی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا
گیا۔
اس موقع پروزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی
کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اورامن عامہ
کی صورتحال کوخوب سے خوب تر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائی،
پولیس جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے
اورصوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے-
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے
سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا ہے، منصوبہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہے اورجدید
ٹیکنالوجی کا استعمال جرائم پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہو رہا ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا
اوراس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں میں تحفظ کا احساس مزید بڑھے گا، منصوبے
کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جا رہا ہے ،
وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اس منصوبے سے منسلک کاموں کو جلد مکمل کیا جائی-
وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا تقریبا
95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، کرنل (ر)
ایوب گادھی ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان ، چیف سیکرٹری ،
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس
میں شرکت کی۔