Dec 13, 2017 07:02 pm
views : 536
Location : Cavalry Ground
Lahore- Shaheed Second Lt Abdul Moeed father’s Media Talk
لاہور،مجھے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے،والد شہید عبدالمعید
شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز
ہونے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کو فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری
گراؤنڈمیں سپرد خاک کیا گیا،شہید کے والد کا کہنا ہےکہ عبدالمعید کو بچپن
سے ہی آرمی میں جانے کاشوق تھا،مجھے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔
اکیس سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید نے حال ہی میں پی ایم اے کورس پاس کیا
تھا اور گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہیدہوئے،
شہید کی یہ پہلی پوسٹنگ تھی،عبد المعید چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔
اس موقع پر شہید عبد المعید کے والد نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے
گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جو انسان دنیامیں آیا ہے اس نے واپس جانا ہے، عبد
المعید کی شہادت کی خواہش تھی جو اللہ نے پوری کر دی ہے، تاریخ اُٹھا کر
دیکھیں تو حضرت خالد بن ولید ہر جنگ میں اسی لیے حصہ لیتے تھے تاکہ شہادت
حاصل کر سکیں ،لیکن انہیں طبعی موت نصیب ہوئی، حضرت خالد بن ولیدؓنے کہا
تھا کہ وہ لوگ جو موت کے ڈر سے جنگ میں جانا نہیں چاہتے ان بزدلوں کے لیے
یہ پیغام ہے کہ آکر میرے جسم پر کوئی ایسی جگہ انگلی رکھ کر دکھائیں جہاں
زخم نہ آیا ہو، لیکن میں پھر بھی شہادت حاصل نہیں کر سکا۔
شہید کےوالد نے کہا کہ میرے بیٹے کو اللہ نے شہادت کا رتبہ دیا جس پر مجھے
اور میرے پورے خاندان کو فخر ہے ہمارے جوان سرحدوں پر کھڑے ہیں تو ہی ہم
اپنے گھروں میں سکون سے رہ رہے ہیں اگر یہ لوگ سرحدوں کی حفاظت نہ کریں تو
دہشتگرد ہمارے علاقوں اور گھروں میں گھُس آئیں ،ہمارے جوان ہمارے لیے نہ دن
دیکھتے ہیں نہ رات، میرا بیٹا بھی ملٹری کی فیلڈ کو پسند کرتا تھا، وہ
کہتا تھا کہ ڈسپلن کے ساتھ ساتھ میری یہ ڈیوٹی ہے کہ میں اپنے ملک کی حفاظت
کروں۔
سیکنڈ لیفٹننت عبدالمعید کے والد نے کہا کہ عندالمعید کوفوج میں جانے کا
بچپن سے ہی شوق تھا، جب بھی چھٹی پر آتا تھا کہتا تھا گھڑی کی طرف دیکھتا
تھا،اور کہتا تھا کہ ہمیں ایک سیکنڈ کا بھی احساس ہے کہ اسے کہاں استعمال
کرنا ہے آپ کیوں گھڑی کی طرف نہیں دیکھتے،شہادت سے پہلے میری بات ہوئی تھی
اور وہ مجھے تسلی دیتا تھا کہ یہاں سب ٹھیک ہے ہم لوگوں کی بحالی کر رہے
ہیں اور کچھ نہیں ہے ، انہوں نے دہشتگردوں کو پیغام دیا کہ ملک میں دہشتگرد
جہاں بھی چھپے ہیں انہیں ہماری فوج وہاں سے نکال باہر کرے گی اور جہنم
واصل کر دے گی۔