اسلام آباد ، صدر مملکت ممنون حسین سے پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کی وفد کی ملاقات
اسلام آباد میں صدر مملکت ممنون حسین سے پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین
اقتصادی راہداری کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو جائے جو دنیا کے مختلف خطوں کو
باہم ملادے گی۔ گوادر پورٹ پر مستقبل قریب میں بھرپور سرگرمیاں بھی شروع
ہو جائیں گی جو اس خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ممنون حسین نے کہا کہ چینی دوستوں سے ملاقات ہمیشہ باعث مسرت ہوتی ہے۔انھوں
نے کہا کہ دونوں ملک حقیقی اور پرخلوص دوست ہیں ، خطے کی ترقی اور خوشحالی
کے ضمن میں ان کے خیالات یکساں ہیں اور وہ دیگر معاملات میں بھی بین
الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین دوستی نسل در نسل جاری رہے گی۔ صدر ممنون
حسین نے وفد کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے
خصوصی سیکیورٹی ڈویڑن کام کر رہاہے۔
وفد نے حکومت پاکستان کی طرف سے چینی باشندوں کو مہیا کردہ سیکیورٹی
انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔انھوں
نے صدر مملکت کو پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی تفصیلات سے آگاہ کیااور
بتایا کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان مزید مشترکہ منصوبے شروع کیے
جائیں گے۔