Dec 14, 2017 07:00 pm
views : 666
Location : Ministry of Foreign Affairs Office
Islamabad- Spokesperson of the Ministry of Foreign Affairs Dr Muhammad Faisal Weekly Briefing
اسلام آباد ، پاکستان نے امن کے لئے جتنی قربانیاں دی ہیں کسی نے نہیں دیں، ڈاکٹر فیصل ہاشمی
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے لئے
جتنی قربانیاں دی ہیں کسی نے نہیں دیں، ہمارے ہزاروں شہری اور فورسز کے
جوان دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہوچکے ہیں، 2 روز قبل بھی شمالی وزیرستان
میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ
عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے، ہم شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
اور حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ
بھارت نے رواں برس 1300 سے زائد مرتبہ فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے
ہوئے 54 بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کیا جب کہ 182 افراد زخمی بھی
ہوئے، پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو متعدد بار ایل او سی پر
فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی پر طلب کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی
سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، گزشتہ ہفتے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا
جب کہ سید علی گیلانی اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو حراست میں
رکھا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی
نے القدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دیا ہے اور امریکا سے مطالبہ کیا ہے
کہ وہ اسے اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے کیوں کہ
امریکا کا یہ اقدام عالمی امن کے لئے خطرناک ہے، او آئی سی کی طرح باقی
ممالک کو بھی چاہئے کہ وہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں۔