Dec 14, 2017 07:32 pm
views : 643
Location : Istanbul/Turkey
Islamabad- CNS has been conferred with “Legion of Merit of the Turkish Armed Forces
اسلام آباد،پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمودعباسی کو" لیجن آف میرٹ آف دی ترکش آرمڈ فورسز" کی تفویض
پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ان دنوں ترکی کے سرکاری دورے
پر ہیں۔ دورے کے دوران پاک بحریہ کے سر براہ کو کمانڈر ترکش نیول فورسز
وائس ایڈمرل عدنان اُزبال نے ترکش آرمڈ فورسز کا اعلیٰ عسکری اعزاز "
لیجن آف میرٹ آف دی ترکش آرمڈ فورسز" تفویض کیا۔
ترکش نیول فورسز ہیڈ کواٹرز آمد پر ترکش نیوی کے چاق و چوبند دستے نے
ایڈمرل ظفر محمودعباسی کو اعزازی سلامی پیش کی ۔ بعد ازاں، کمانڈر ترکش
نیول فورسز نے ایک پر وقار تقریب کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو" لیجن آف میرٹ آف دی ترکش آرمڈ فورسز" تفویض کیا۔ پاک بحریہ کے
سر براہ کو یہ اعزاز دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو فروغ
دینے کے اعتراف میں تفویض کیا گیا۔
قبل ازیں دونوں افواج کے سر براہان کی ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک
کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ضمن میں باہمی
دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک بحریہ کے سر براہ نے ترکی کے قومی دفاع کے وزیر جناب نوریتن کنیکلی اور
کمانڈر ترکش جنرل اسٹاف ، جنرل ہولوسی اکارسے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان
ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ اُموربشمول پاکستان اور ترکی کے مابین دفاعی
تعاون کے مختلف شعبہ جات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خطے میں میری ٹائم امن اور استحکام کے قیام کے
سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور کاوشوں پر روشنی ڈالی۔آپ نے پاک بحریہ کے
زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی کثیر القومی بحری مشق امن 17کا خصوصیت کے
ساتھ ذکرکرتے ہوئے ترکش نیوی کی اس مشق میں بھر پور شرکت کو سراہا۔
ترک عہدیداران نے سمندر میں امن، استحکام اور قانون کی عملداری کے قیام کے
لیے بحری مشق امن کی چھتری تلے عالمی بحری افواج کو ایک مشترکہ عزم کے حصول
کے لئے یکجا کرنے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام کے قیام کے ضمن میں کولیشن
میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قزاقی کے بیخ کنی کے آپریشنز میں پاک بحریہ
کی شرکت اور کردار کی بھی تعریف کی ۔
پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کے
درمیان دفاعی تعلقات اور بحری تعاون میں مضبوطی اور وسعت کا باعث ہو گا ۔