کوئٹہ ،موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
کوئٹہ میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں
کرنے لگیں جس کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے,لکڑی کی
قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ سوئی گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو اور
کمرشل صارفین کو سپلائی کی بندش ہے۔
لکڑٹال مالکان کا کہنا ہے کہ لکڑی جنگلات سے کٹائی اور پھر مارکیٹ میں لانے
کیلئے انہیں بہت زیادہ مہنگی پڑتی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں لکڑی مہنگے
داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
لکڑی کے خریداروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں جہاں ہر قسم کی لوڈشیڈنگ
ہو رہی اور گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لکڑی کی مانگ میں اضافے کے سبب لکڑی کی
قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ حکومت لکڑی قیمتوں میں کمی لائے
تاکہ غریب عوام کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔
اس حوالے سے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے لکڑی خریدنے
آئے شخص نے کہا کہ کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لکڑی خرید رہے ہیں جس سے
ہمیں پرانا دور یاد آگیا ہے۔
ایک اور خریدار نے کہا کہ حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کم کرے ،گیس نہیں آرہی لیکن بل آتا رہتا ہے۔