شیخو پورہ،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا گندم خریداری مرکز مانانوالہ کا دورہ کیا
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کی
فلاح و بہبود کے لیے کھیتوں سے منڈیو ں تک فصلوں کی رسائی کو آسان بنانے
کے لیے پنجاب بھر میں پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے کے منصوبے کے تحت سڑکوں کے
جال بچھائے ہیں تاکہ کسانوں کی محنت کی کمائی انہیں منڈیوں تک پہنچانے میں
آسانی ہو سکے۔
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے شیخو پورہ میں گندم خریداری مرکز
مانانوالہ کا دورہ کیا، اس موقع پرکسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے
کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب بھر میں کسانوں
کو حکومتی سطح پر اربوں روپے کے پیکج فرا ہم کئے جار ہے ہیں اور کسانوں کی
خوشحالی، ترقی کے لیے کسانوں میں زرعی آلات کی فراہمی اور ملکی تاریخ میں
پہلی دفعہ ہاریوں اور مزاروں کو فصلوں کی کاشت کو بہتر اور یقینی بنانے کے
لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کیے جارہے ہیں۔
صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے 100
فیصد میرٹ اور بہترین انتظامات کو اولین ترجیح دی ہے تا کہ کسانوں کو اپنی
سال بھر کی محنت کی کمائی صاف اور شفاف طریقے سے میسر ہو۔
بلال یاسین نے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور گندم کی خریداری کے حوالے سے
حکومتی پالیسیوں کے متعلق آگاہی فراہم کی، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب
کسانوں کو محنت کا پھل پوری قیمت کی صورت میں ادا کررہی ہے، کسان کی
خوشحالی دراصل پاکستان کی خوشحالی ہے۔
صوبائی وزیر نے کاشتکاران کے لئے بیٹھنے کی سایہ دار مخصوص جگہ ، صاف اور
ٹھنڈے پانی کی فراہمی، میڈیکل سہولیات اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا
اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔