نیو یارک، فلسطین کے نصب العین کی حمایت اورالقدس الشریف کا دفاع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے،ملیحہ لودھی
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کہنا ہے کہ پاکستان،
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مشترکہ قرار داد پیش کرے گا جس میں
مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی فیصلے
واپس لینے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔
ملیحہ لودھی نے عالمی ادارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے سفیروں کے گروپ کے
اجلاس کے موقع پر ویڈیو میسج میں کہا کہ یہ اجلاس مقبوضہ بیت المقدس کی
حیثیت کے بارے میں جنرل اسمبلی کے کل ہونے والے خصوصی ہنگامی اجلاس سے قبل
اپنے موقف کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقد کیا گیا۔
پاکستانی مندوب نے کہاکہ فلسطین کے نصب العین کی حمایت اورالقدس الشریف کا
دفاع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے اور ہمیشہ سے مرکزی نکتہ
رہا ہے، مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی اقدام عالمی قانونی نظام
کیلئے نقصان دہ ہے اور پہلے سے تشدد کا شکار خطہ مزید غیر مستحکم ہوگا،اس
سے نہ صرف امن کے امکانات معدوم ہوں گے بلکہ قابض قوت کو اپنے مذموم عزائم
کی تکمیل کیلئے مزید تقویت ملے گی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس عرب گروپ اور اسلامی تعاون تنظیم کی
مشترکہ درخواست پر طلب کیاگیا ہے جوامریکی صدر کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس
کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرنے کے حوالے سے
سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرار داد کو امریکہ کی جانب ویٹو کرنے
کے بعد بلایا گیا ہے۔