کوئٹہ،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،گورنر بلوچستان پر حملے کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا
گورنر بلوچستان پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے خود کش جیکٹس اور ہتھیار برآمد کر لیے، گرفتار دہشتگردوں حامد بشیر اور منور احمد کا تعلق شجاع خانزادہ کو شہید کرنے والے گروپ سے ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے گورنر بلوچستان کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جو سکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی سے نا کام بنا دیا ہے، گرفتار دہشتگردوں حامد بشیر اور منور احمد کا تعلق شجاع خانزادہ کو شہید کرنے والے گروپ سے ہے،دونوں دہشت گردوں کو گلستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی جس میں منور احمد نے سہولت کاری کا کردار ادا کرنا تھا۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود پرآمد ہوا ہے جس میں 2 خود کش جیکٹس، 16 راکٹ لانچر، 80 باردوی سرنگیں، سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہاکہ چرچ پر حملہ کرنے تک بھی پہنچیں گے، پولیس فورسز کو بلٹ پروف گاڑیاں مہیا کر رہے ہیں۔