کراچی، نیو کراچی میں صبا سینما کے قریب فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا
نیو کراچی میں صبا سینما کے قریب فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا
گیا ہے،واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں وقوعہ پر پہنچی
اور امدادی کارروائیاں شروع کیں،تین منزلہ عمارت پر لگنے والی آگ پر ساڑھے 3
گھنٹے بعد فائر بریگیڈ کے رضا کاروں نے قابو پا لیا، کولنگ کا عمل جاری
ہے، پہلے ایک گاڑی نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم شدت زیادہ ہونے کے
باعث مزید گاڑیاں، دو فائر ٹینڈرز اور واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور
آگ پر قابو پایا، کام کیلئے فیکٹری آنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ
پہنچے تو آگ لگی ہوئی تھی۔
اس موقع پر چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی جائے حادثے پر پہنچے اور امدادی
کاموں کا جائزہ لیا،ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریحان
ہاشمی نے کہا کہ فائر بریگیڈکو وسائل کی کمی کا سامنا ہے، ایس او پی پر
عمل کیا گیا یا نہیں معاملہ صنعتکاروں کی ایسوسی ایشن دیکھ رہی ہے۔
چیئرمین ضلع وسطی نے کہا کہ کراچی کیلئے لوگ سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں مگر
بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، موجودہ وسائل میں محرومیوں کے باوجود سروسز
دینے کی کوشش کر رہے ہیں،مئیر کراچی متعدد بار وسائل نہ ہونے کے بارے میں
آگاہ کر چکے، ہمارے پاس فائر ٹینڈر بھی پورے نہیں ہیں۔