Dec 22, 2017 03:51 pm
views : 661
Location : Ministry of Foreign Affairs Office
Islamabad- Foreign Office Weekly Briefing
اسلام آباد،ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل ہاشمی کی ہفتہ وار بریفنگ
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی
جارحیت تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور رواں ہفتے بھی وادی میں 3 بے گناہ
کشمیریوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا، سینکڑوں شہری زخمی ہیں جبکہ
حریت رہنماؤں کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے
ہیں، حریت رہنما شبیر شاہ کو گرفتار کرنا اور انہیں غیرمحفوظ جیل میں رکھنا
سراسر زیادتی ہے، ہم نے شبیر شاہ کی جیل سے منتقلی کے لئے متعدد درخواستیں
بھی دیں لیکن کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، عالمی برادری حریت رہنما کی رہائی
کے لئے آواز اٹھائے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ڈاکٹر محمد فیصل نے
کہاکہ بھارت نے ہارٹ ایشیا امرتسر اجلاس میں دہشتگرد تنظیموں کی فہرست کو
پاکستان کی بدنامی کے لئے استعمال کیا،پاکستان امریکا کی قومی سلامتی
پالیسی میں الزامات کو مسترد کرتا ہے، امریکی الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں جس
کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف گراں قدر قربانیاں دیں اور
دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئیں، امریکی صدر نے جنرل
اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مخالفت میں ووٹ ڈالنے والے ممالک
کو پیشگی دھمکی دی ہے جو جمہوریت کی توہین ہے، پاکستان مقبوضہ بیت المقدس
سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا، آزادی کی کوئی قیمت نہیں، پاکستان
مقبوضہ بیت المقدس پر اسلامی تعاون تنظیم کے اعلامیہ کی مکمل حمایت کرتا
ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی
ہے ہم نے افغان حکومت اور عالمی برادری کے ساتھ افغانستان مین داعش کے اثر
میں اضافے کا معاملہ اٹھایا ہے کہ افغان حکومت سے کہا ہے کہ داعش کی بڑھتی
ہوئی محفوظ پناہ گاہوں کا سدِباب کرے،ہارٹ ایشیا کے امرتسر اجلاس میں دہشت
گرد تنظیموں کی فہرست اعلامیئے کا حصہ بنائی گئی اور پاکستان نے بھی ایک
مثبت سوچ کے ساتھ اس فہرست کو اعلامیہ کا حصہ بننے کی اجازت دی لیکن بھارت
نے مذکورہ فہرست کو پاکستان کی بدنامی کے لئے استعمال کیا اور اسے بڑی
سفارتی کامیابی قرار دیا، ہارٹ ایشا باکو کے اجلاس میں پاکستان کے شدید
اعتراض کے بعد اس من پسند فہرست کو ختم کردیا گیا اور یہ معاملہ انسداد
دہشتگردی ورکنگ گروپ کو بھیج دیا گیا، اب ورکنگ گروپ خطے میں موجود تمام
دہشت گرد تنظیموں کی جامع فہرست مرتب کرے گا۔
فیصل ہاشمی نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی پھانسی پر
عملدرآمد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ کو
اسلام آباد کا ویزہ جاری کردیا گیا ہے اور وہ دونوں فضائی سفر کے ذریعے
پاکستان آئیں گی جب کہ ملاقات دفتر خارجہ میں ہوگی۔