لاہور،پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ عمران نیازی اور ان کے دھرنے ہیں،احسن اقبال
وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 20 کروڑ عوام کا ملک پاکستان
عمران خان کے ہاتھ میں کیسے دے دیا جائے ان سے زیادہ تجربہ کار تو یونین
کونسل کا چئیرمین ہوتا ہے۔
لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا
تھا کہ 2013 میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی عوام لالٹین اور موم
بتیاں جلانے پر مجبور ہو گئے تھے، کارخانے کا مزدور بجلی نہ آنے کی وجہ سے
جلاؤ گھیراؤ کر رہا تھا، آج کراچی میں امن ہے، بلوچستان میں پاکستان کا
پرچم لہرا رہا ہے جب کہ مزدور کارخانوں میں کام کررہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ کسی سے پوچھا جاتا کہ سب بڑامسئلہ کیا ہے تو جواب
ملتا بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی لیکن آج کسی سے پوچھو تو کہے گاکہ
پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ عمران نیازی اور ان کے دھرنے ہیں، وہ کہتے ہیں
کہ میں پاکستان کا مسٹر کلین ہوں اور وہ پرویز مشرف جیسے مسٹر کلین ہیں،
ہمیں صبح وشام درس دیتے ہیں کہ کرپشن ختم کروں گا جب کہ پاکستان میں سب سے
زیادہ کرپشن پروری عمران خان نے کی، ملک کے سب سے کرپٹ افراد پی ٹی آئی کی
چھتری تلے ہیں اور جتنی کرپشن عمران خان اور کے پی حکومت نے کی اس کا
مقابلہ صرف (ق) لیگ سے کیا جاسکتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومتیں چلانا اناڑیوں کا کام نہیں، 20 کروڑعوام کا
ملک عمران خان کے ہاتھ کیسے دے دیں ان سے زیادہ تجربہ کار تو چیرمین یونین
کونسل ہوتا ہے، نواز شریف اور ان ٹیم کا تجربہ تھا کہ آج سی پیک سے پاکستان
کو توجہ کا مرکز بنا دیا، 3سال ہوگئے پشاور میں میٹرو کا ایک پہیہ نہیں چل
سکا لیکن اس عرصے میں شہبازشریف نے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو
چلا دی۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب روپڑے
تھے، لیکن سیاسی مخالفین اس سانحے کو سیاست چمکانے کے لئے استعمال کر رہے
ہیں، اور ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کے لئے اے پی سی کی جارہی ہیں، میں
طاہرالقادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی اے پی سی کا ایجنڈا امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ پر مرکوز کریں جو پاکستان کو للکار رہا ہے، آج قوم کو انتشار کی
نہیں ا تحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔