لاہور،مشکلات کا ثمر عدل کی بحالی کی صورت میں عوام کو ملے گا،مریم نواز
منتخب حکومتوں کے تختے الٹنے والوں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے، عوامی
نمائندوں کو جلاوطن کرنے والا خود جلا وطنی کی زندگی گزار رہا ہے، یہاں
کوئی استعمال ہورہا ہے اور کوئی استعمال کررہا ہے، اسی لیے پاناما کا ڈراما
رچایا گیا اور اقامے کا ڈراما رچایا گیا، نواز شریف کے لیے بھی آسان راستہ
تھا لیکن انہوں نےآسان راستے پر صحیح راستے کوترجیح دی جس کی وجہ سے نواز
شریف پر مشکلات آئیں،لیکن جس طرح باقی جدوجہد کے اثرات قوم کو ملے اسی طرح
ان مشکلات کا ثمر بھی عدل کی بحالی کی صورت میں عوام کو ملے گا۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز
نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے جب خود پر مشکل آئی تو عدل یاد آگیا لیکن زیادہ
تر لوگ ایسے ہوتے ہیں جو مشکل پر جان بچا کر بھاگ جاتے ہیں،ہمیں اسی
پاکستان میں رہنا ہے اور یہیں پر دفن ہونا ہے اس میں ہمیں نواز شریف کا
ساتھ دینا ہے کہ وہ ہمیں ایسا پاکستان دیں جس میں عدل اور انصاف کے ساتھ
فیصلے ہوں،ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں ووٹ لے کر آنے والے منتخب وزیراعظم کی
عزت ہونی چاہیے ، منتخب وزیراعظم پر حملہ ہر ووٹ دینے والے پر حملہ ہوتا ہے
جب کہ نوازشریف پر حملے کیوں ہوتے ہیں کیونکہ وہ بھی ایک نظریے کے ساتھ
ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا مخالفین ہمارے سوشل میڈیا کارکنوں سے ڈرتے ہیں کیوں
کہ یہ جس نظریے کو لے کر چل رہے ہیں وہ نظریہ نوازشریف ہے، جمہوریت میں کٹھ
پتلیاں اور امپائر کے اشارے پر ناچنیوالے نہیں ہو سکتے، جس کو عوام پلس
کردیں اسے کوئی مائنس نہیں کرسکتا۔