Dec 29, 2017 05:02 pm
views : 641
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Meets President AJK
کراچی،گورنر سندھ محمد زبیر کی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود سے ملاقات
گورنر سندھ محمد زبیر سے آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے گورنر
ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں جاری صورتحال، امن و امان کے قیام کے بعد
معاشی خوشحالی اور تسلسل سے بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری، سیاحتی
مقامات کو مزید وسعت دینے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ
خیال کیا گیا۔
گورنر ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیر
پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے، پاکستان اپنے
کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی، معاشرتی اور سماجی حمایت جاری رکھے گا،
تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، اقوام متحدہ کو اپنی
قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنی اہمیت کو واضح کرنا ہو گی۔
محمد زبیر نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان خوشحالی کی درست
سمت گامزن ہو چکا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ، نئی صنعتوں
کے قیام اور تجارتی سرگرمیوں کے بڑھنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب
ہو رہے ہیں جس سے عام ا?دمی کے معیار زندگی میں بہتری یقینی ہے، اس ضمن
میں حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے انفرااسٹرکچر پر بھرپور توجہ دے
رہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں وفاق کے تعاون سے عوام کی فلاح و بہبود کے
بڑے منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں، کراچی میں وفاقی حکومت 75 ارب روپے سے
ترقیاتی منصوبے شروع کرچکی ہے جن کی تکمیل سے عوام کو زبردست ریلیف حاصل
ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکیوں کی بڑی تعداد
نے ایک بارپھر پاکستان کا رخ کرنا شروع کردیا ہے اس ضمن میں پاکستان کے
سیاحتی مقامات کو مزید فروغ دینا ہوگا باالخصوص جنت نظیر کشمیر میں سیاحت
کے بے شمار مقامات ہیں جہاں پر ترقیاتی کاموں سے سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا
ہے جس سے بھاری زرمبادلہ یقینی ہے، اس ضمن میں صوبہ کے متعدد مقامات بھی
سیاحت کے لئے آئیڈیل ہے جہاں پر ترقیاتی کام پر توجہ دی جا رہی ہے۔
آزاد کشمیر کے صدر نے بتایا کہ کشمیری پاکستان کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے
دیکھتے ہیں، کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں،آزاد کشمیر میں
ترقیاتی منصوبوں کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے جس سے
انفرااسٹرکچر پر بھرپور توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، کشمیری پاکستان کی ترقی و
خوشحالی کے نئے دور سے بہت خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان اسی انداز
میں مزید ترقی کرے، صوبہ میں معاشی خوشحالی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی
میں گورنر سندھ کا کردار مثالی ہے اسی جذبہ سے ملک و قوم کی تعمیر کی جا
سکتی ہے۔