لاہور،نواز شریف کو نقسان پہنچانے کے لئے تمام مخالفین ایک جگہ جمع ہو گئے ہیں،مریم نواز
رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا
کہنا ہے کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ ایک دوسرے کا چہرہ نہ دیکھنے والے مخالفین
کو بھی اکٹھا بیٹھنا پڑ رہا ہے، یہ کیسی نا اہلی ہے کہ ملک کی ساری سیاست
نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے، جمہوری لیڈر نہ صرف عوام کے حقوق کا تحفظ
کرتے ہیں بلکہ ان کے حقوق بھی واپس دلواتے ہیں اور نواز شریف کا یہی خوف
سازشیوں اور مخالفین کو دن رات کھائے جا رہا ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نیب کے مقدمے میں
گواہوں کی بات سن کے مجھے ہنسی آتی ہے کیوں کہ گواہوں سے سوال کیے جاتے ہیں
تو وہ کہتے ہیں ہمیں نہیں پتہ کاغذات میں کیا لکھا ہے، گواہوں کو یہ بھی
پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کس چیز کی گواہی دینے آئے ہیں اور گواہ کہتے ہیں انھیں
یہ کاغذ پکڑائے گئے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ہمارے کیس میں بادی النظر کی بات کی جاتی ہے جبکہ
نیازی کمپنی نے لندن میں فلیٹ خریدا بھی اور فروخت بھی کیا، عمران خان بار
بار سپریم کورٹ میں موقف بدلتا رہا لیکن اس سے کہا جاتا ہے نہیں نہیں یہ
اثاثے تمہارے نہیں کیوں کہ سپریم کورٹ عمران خان سے بہتر جانتی ہے۔