Dec 31, 2017 07:10 pm
views : 1097
Location : Ormara Cadet College
Ormara- Parents Day function at Cadet College Ormara
اورماڑہ،اورماڑہ میں ایک معیاری تعلیمی ادارے کا قیام ساحلی علاقوں میں
تعلیم کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کا واضح مظہر ہے،صدر مملکت
کیڈ ٹ کالج اورماڑہ کے دوسرے یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی،تقریب کے
مہمان خصوصی صدر پاکستان جناب ممنون حسین تھے،مہمان خصوصی کی آمد پر چیف آف
دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کیڈٹس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ
معیار ی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی بھر پور توجہ دیں۔
صدر مملکت نے اس موقع پر بلوچستان میں تعلیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے
حکومتی عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کیڈ ٹ کالج اورماڑہ کے قیام پر پاک
بحریہ کو مبارک باد پیش کی اور ساحل مکران پر بسنے والی مقامی آبادی کے
معیار تعلیم کو بلند کرنے اور ان کی سماجی و معاشی بہبود کے حوالے سے پاک
بحریہ کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے ساحلی پٹی پر پاک بحریہ کی جانب سے
شروع کیے جانے والے فلاحی منصوبوں اور کوششوں کا بھی ذکر کیا۔
صدر مملکت نے کہاکہ اورماڑہ میں ایک معیاری تعلیمی ادارے کا قیام ساحلی
علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کا مظہر ہے جو
یقیناًقابل تعریف ہے۔
صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ بلوچستان میں شروع کیے گئے متعدد ترقیاتی
منصوبے بشمول گوادر پورٹ اور سی پیک ، صوبے سے بے روزگاری اور غربت کے
خاتمے میں مدد گار ثابت ہوں گے تاہم ان فوائد کا حصول صوبے میں تعلیم کے
فروغ سے ہی ممکن ہے۔
قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ کموڈور مسعود
الحسن نے تقریب میں شرکت پر مہمان خصوصی اور کیڈٹس کے والدین کا شکریہ ادا
کیا اور کالج کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی، اس موقع پر کیڈٹس نے پی ٹی،
جمناسٹک، مارشل آرٹ اور رائفل ڈرل کا مظاہرہ پیش کیا، علاوہ ازیں سائنس اور
آرٹس کی نمائش کی بھی اہتما م کیا گیا تھا۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی اور فوجی حکام اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔