بہاولپور، چڑیا گھر کی نیل گائے منہ کھر کی بیماریوں میں مبتلا
بہاولپور کے چڑیا گھر میں نایا ب نیل گائے اور دیگر جانور منہ کھر کی
بیماریوں کے باعث اموات کا شکارہیں زیڈ ایم سی کے ممبران اور عہدیداران کی
غفلت اور عدم دلچسپی کی بنا ءِ پرنایا ب نیل گائے سمیت دیگر جانور موت کا
شکار ہو کر چڑیا گھر سے ختم ہورہے ہیں، بہاولپور چڑیا گھر میں پہلے چار
نیل گائے تھیں جس میں سے دو نیل گائے منہ کھر کی بیماری کے باعث مرچکی
ہیں۔
اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ویٹرنری
ڈاکٹر واصف منظور کا کہنا تھا کہ جانوروں کو نا صرف اچھی خوراک دی جارہی ہے
بلکہ وہ صحت مند بھی ہیں۔
کیوریٹر محمدایوب صابر نے کہا کہ بہاولپور زو پنجاب کا دوسرا بڑا چڑیا گھر
ہے جبکہ دیگر چڑیا گھروں کی نسبت بہاولپور کے جانور قدرے صحت مند ہیں۔
زو لوجی سوسائٹی کے چیئر مین مرتضی رسول خان نے کہا کہ نیل گائے سمیت دیگر
جانوروں کی اموات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، بہاولپور چڑیا گھر میں پہلے چار
نیل گائے تھیں جس میں سے دو نیل گائے منہ کھر کی بیماری کے باعث مرچکی
ہیں، رسول خان نے بتایا کہ نیل گائے کے منہ کے قریب پھوڑا ہے جس کو منہ
کھر کی بیماری کہا جاتا ہے زولوجی چیئر مین نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے یہ
نیل گائے اس بیماری میں مبتلا ہیں اگر مناسب علاج نہیں ہوا تو یہ بھی موت
کے منہ میں چلی جائیں گی۔
چیئر مین نے مزید کہا کہ اس حوالے سے کمشنر اور دیگر ذمہ داران کو جانوروں
کی بیماریوں ، انکے علاج و ادوات اور انکی خوراک کی عدم فراہمی کے بارے میں
درخواست کی گئی ہے مگر انہوں نے ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی،اگر اسی طرح
چلتا رہا تو یہ نایا ب نسل کا جانور بہاولپور چڑیا گھر سے ختم ہو جائے گا۔