Jan 02, 2018 10:16 pm
views : 547
Location : Prime Minister House
Islamabad- PM Shahid Khaqan Abbasi chairs National Security Meeting
اسلام آباد ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی
اجلاس ختم ہوگیا جس میں کمیٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر رد عمل
دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان
نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔
ترجمان وزیر اعظم ہا ؤ س کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی
میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر دفاع خرم دستگیر،
وزیر خارجہ خواجہ آصف، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود
حیات، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ، ایئر چیف مارشل سہیل امان ، نیول
چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت دیگر سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق بیان
پر غور سمیت ملکی وعلاقائی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ قومی
سلامتی کمیٹی نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے،
پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور دہشت
گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات
لگاتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکا نے گزشتہ 15 سال میں پاکستان کو
33 ارب ڈالر امداد دے کر بہت بڑی بے وقوفی کی، امداد وصول کرنے کے باوجود
بھی پاکستان نے امریکا کے ساتھ جھوٹ بولا۔